سُوْرَۃُ المُرْسَلَات
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ
وَ الْمُرْسَلٰتِ عُرْفًا(1)فَالْعٰصِفٰتِ عَصْفًا(2)وَّ النّٰشِرٰتِ نَشْرًا(3)فَالْفٰرِقٰتِ فَرْقًا(4)فَالْمُلْقِیٰتِ ذِكْرًا(5)
ترجمہ: کنزالعرفان
قسم ان کی جو لگاتار بھیجی جاتی ہیں ۔پھر ان کی جو نہایت تیز چلنے والی ہیں ۔اور خوب پھیلانے والیوں کی ۔پھر خوب جدا کرنے والیوں کی ۔پھر ذکرکا القا کرنے والیوں کی ۔
تفسیر: صراط الجنان
{وَ الْمُرْسَلٰتِ عُرْفًا: ان کی قسم جو لگاتار بھیجی جاتی ہیں ۔} اس آیت اور ا س کے بعد والی چار آیات میں اللّٰہ تعالیٰ نے پانچ صفات کی قسم ارشاد فرمائی اور جن چیزوں کی یہ صفات ہیں ان کاآیات میں ذکر نہیں کیا گیا، اسی لئے مفسرین نے ان چیزوں کی تفسیر میں بہت سی وجوہات ذکر کی ہیں ۔
(1)… یہ پانچوں صفتیں ہواؤں کی ہیں ۔اس صورت میں ان پانچ آیات کا معنی یہ ہے کہ ان ہواؤں کی قسم جو لگاتار بھیجی جاتی ہیں ۔پھر ان ہواؤں کی قسم جو زور سے جھونکے دیتی ہیں ۔ پھر ان ہواؤں کی قسم جو بادلوں کوابھار کر اٹھاتی ہیں ۔ پھر ان ہواؤں کی قسم جو بادلوں کو جدا کرتی ہیں ۔پھر ان ہواؤں کی قسم جن کے زور دار جھونکوں سے درخت اکھڑ جاتے ہیں ،شہر ویران ہو جاتے ہیں اور ان کے آثار مٹ جاتے ہیں تو اس سے بندوں کے دلوں میں خوف پیدا ہوتا ہے اور وہ اللّٰہ تعالیٰ سے اِلتجائیں کرتے ہیں اور اس کا ذکر کرتے ہیں تو گویا کہ ان ہواؤں نے بندوں کو اللّٰہ تعالیٰ کا ذکر اِلقا کر دیا۔
(2)… یہ پانچوں صفتیں فرشتوں کی ہیں ۔اس صورت میں ان پانچ آیات کا معنی یہ ہے کہ ان فرشتوں کی قسم جو اللّٰہ تعالیٰ کے احکامات دے کر لگاتار بھیجے جاتے ہیں ۔پھر ان فرشتوں کی قسم جو ہواؤں کی طرح تیز چلنے والے ہیں ۔پھر ان فرشتوں کی قسم!جو زمین پر اتر کر اپنے پروں کو پھیلا دیتے ہیں ۔پھر ان فرشتوں کی قسم!جو حق اور باطل کے درمیان فرق کرنے والی چیز لاتے ہیں ۔پھر ان فرشتوں کی قسم !جو رسولوں کے پاس اللّٰہ تعالیٰ کی وحی لا کر انہیں اِلقا کرتے ہیں ۔
(3)… یہ پانچوں صفتیں قرآنِ پاک کی آیات کی ہیں ۔اس صورت میں ان پانچ آیات کا معنی یہ ہے کہ میرے حبیب صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ پر لگاتار بھیجی جانے والی قرآن کی آیتوں کی قسم۔پھر قرآن کی ان آیتوں کی قسم جو وعید بیان کر کے دلوں کی دھڑکن تیز کر دیتی ہیں ۔پھر قرآن کی ان آیات کی قسم !جو ایمان والوں کے دلوں میں ہدایت اور معرفت کے اَنوار پھیلا دیتی ہیں ۔پھر قرآن کی ان آیات کی قسم ! جو حق اور باطل کے درمیان فرق کر دیتی ہیں ۔پھر قرآن کی ان آیات کی قسم جو حکمت والا ذکر ہیں اور وہ ایمان والوں کے دلوں میں نور وایمان ڈ ال دیتی ہیں ۔
(4)… پہلی تین صفتیں ہواؤں کی ہیں ،چوتھی صفت قرآنِ پاک کی آیات کی اورپانچویں صفت فرشتوں کی ہے۔
(5)… پہلی تین صفتیں ہواؤں کی ہیں جبکہ چوتھی اور پانچویں صفت فرشتوں کی ہے۔( جلالین مع جمل،المرسلات،تحت الآیۃ:۱-۵،۸ / ۲۰۰-۲۰۱،خازن،المرسلات،تحت الآیۃ:۱-۵،۴ / ۳۴۳، ملتقطاً
وَ الْمُرْسَلٰتِ عُرْفًا(1)فَالْعٰصِفٰتِ عَصْفًا(2)وَّ النّٰشِرٰتِ نَشْرًا(3)فَالْفٰرِقٰتِ فَرْقًا(4)فَالْمُلْقِیٰتِ ذِكْرًا(5)
ترجمہ: کنزالعرفان
قسم ان کی جو لگاتار بھیجی جاتی ہیں ۔پھر ان کی جو نہایت تیز چلنے والی ہیں ۔اور خوب پھیلانے والیوں کی ۔پھر خوب جدا کرنے والیوں کی ۔پھر ذکرکا القا کرنے والیوں کی ۔
تفسیر: صراط الجنان
{وَ الْمُرْسَلٰتِ عُرْفًا: ان کی قسم جو لگاتار بھیجی جاتی ہیں ۔} اس آیت اور ا س کے بعد والی چار آیات میں اللّٰہ تعالیٰ نے پانچ صفات کی قسم ارشاد فرمائی اور جن چیزوں کی یہ صفات ہیں ان کاآیات میں ذکر نہیں کیا گیا، اسی لئے مفسرین نے ان چیزوں کی تفسیر میں بہت سی وجوہات ذکر کی ہیں ۔
(1)… یہ پانچوں صفتیں ہواؤں کی ہیں ۔اس صورت میں ان پانچ آیات کا معنی یہ ہے کہ ان ہواؤں کی قسم جو لگاتار بھیجی جاتی ہیں ۔پھر ان ہواؤں کی قسم جو زور سے جھونکے دیتی ہیں ۔ پھر ان ہواؤں کی قسم جو بادلوں کوابھار کر اٹھاتی ہیں ۔ پھر ان ہواؤں کی قسم جو بادلوں کو جدا کرتی ہیں ۔پھر ان ہواؤں کی قسم جن کے زور دار جھونکوں سے درخت اکھڑ جاتے ہیں ،شہر ویران ہو جاتے ہیں اور ان کے آثار مٹ جاتے ہیں تو اس سے بندوں کے دلوں میں خوف پیدا ہوتا ہے اور وہ اللّٰہ تعالیٰ سے اِلتجائیں کرتے ہیں اور اس کا ذکر کرتے ہیں تو گویا کہ ان ہواؤں نے بندوں کو اللّٰہ تعالیٰ کا ذکر اِلقا کر دیا۔
(2)… یہ پانچوں صفتیں فرشتوں کی ہیں ۔اس صورت میں ان پانچ آیات کا معنی یہ ہے کہ ان فرشتوں کی قسم جو اللّٰہ تعالیٰ کے احکامات دے کر لگاتار بھیجے جاتے ہیں ۔پھر ان فرشتوں کی قسم جو ہواؤں کی طرح تیز چلنے والے ہیں ۔پھر ان فرشتوں کی قسم!جو زمین پر اتر کر اپنے پروں کو پھیلا دیتے ہیں ۔پھر ان فرشتوں کی قسم!جو حق اور باطل کے درمیان فرق کرنے والی چیز لاتے ہیں ۔پھر ان فرشتوں کی قسم !جو رسولوں کے پاس اللّٰہ تعالیٰ کی وحی لا کر انہیں اِلقا کرتے ہیں ۔
(3)… یہ پانچوں صفتیں قرآنِ پاک کی آیات کی ہیں ۔اس صورت میں ان پانچ آیات کا معنی یہ ہے کہ میرے حبیب صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ پر لگاتار بھیجی جانے والی قرآن کی آیتوں کی قسم۔پھر قرآن کی ان آیتوں کی قسم جو وعید بیان کر کے دلوں کی دھڑکن تیز کر دیتی ہیں ۔پھر قرآن کی ان آیات کی قسم !جو ایمان والوں کے دلوں میں ہدایت اور معرفت کے اَنوار پھیلا دیتی ہیں ۔پھر قرآن کی ان آیات کی قسم ! جو حق اور باطل کے درمیان فرق کر دیتی ہیں ۔پھر قرآن کی ان آیات کی قسم جو حکمت والا ذکر ہیں اور وہ ایمان والوں کے دلوں میں نور وایمان ڈ ال دیتی ہیں ۔
(4)… پہلی تین صفتیں ہواؤں کی ہیں ،چوتھی صفت قرآنِ پاک کی آیات کی اورپانچویں صفت فرشتوں کی ہے۔
(5)… پہلی تین صفتیں ہواؤں کی ہیں جبکہ چوتھی اور پانچویں صفت فرشتوں کی ہے۔( جلالین مع جمل،المرسلات،تحت الآیۃ:۱-۵،۸ / ۲۰۰-۲۰۱،خازن،المرسلات،تحت الآیۃ:۱-۵،۴ / ۳۴۳، ملتقطاً)
عُذْرًا اَوْ نُذْرًا(6)اِنَّمَا تُوْعَدُوْنَ لَوَاقِعٌﭤ(7)
ترجمہ: کنزالعرفان
عذر کی گنجائش نہ چھوڑنے کیلئے یا ڈرانے کیلئے۔بیشک جس بات کا تم سے وعدہ کیا جارہا ہے وہ ضرور واقع ہونے والی ہے۔
تفسیر: صراط الجنان
{عُذْرًا اَوْ نُذْرًا: عذر کی گنجائش نہ چھوڑنے کیلئے یا ڈرانے کیلئے۔} یعنی ذکر کا اِلقا کرنا ا س لئے ہے کہ مخلوق میں سے کسی کے لئے عذر بیان کرنے کی کوئی گنجائش نہ ر ہے یا انہیں (اللّٰہ تعالیٰ کے عذاب سے) ڈرانے کے لئے ہے۔( صاوی، المرسلات، تحت الآیۃ: ۶، ۶ / ۲۲۹۳)
{اِنَّمَا تُوْعَدُوْنَ: بیشک جس بات کا تم سے وعدہ کیا جارہا ہے۔} اللّٰہ تعالیٰ نے پانچ صفات کی قَسم ذکر کر کے ارشاد فرمایا کہ اے کفارِ مکہ ! مرنے کے بعد اُٹھائے جانے،عذاب دئیے جانے اور قیامت کے آنے کا جو تم سے وعدہ کیا جا رہا ہے یہ بات ضرور واقع ہونے والی ہے اور اس کے ہونے میں کچھ بھی شک نہیں ۔( جلالین، المرسلات، تحت الآیۃ: ۷، ص۴۸۵، مدارک، المرسلات، تحت الآیۃ: ۷، ص۱۳۱۰، ملتقطاً)
فَاِذَا النُّجُوْمُ طُمِسَتْ(8)وَ اِذَا السَّمَآءُ فُرِجَتْ(9)وَ اِذَا الْجِبَالُ نُسِفَتْ(10)
ترجمہ: کنزالعرفان
پھر جب تارے مٹا دئیے جائیں گے۔اور جب آسمان پھاڑ دئیے جائیں گے۔اور جب پہاڑ غبار بناکے اڑا دئیے جا ئیں گے۔
تفسیر: صراط الجنان
{فَاِذَا النُّجُوْمُ طُمِسَتْ: پھر جب تارے مٹا دئیے جائیں گے۔} اس آیت اور ا س کے بعد والی دو آیات میں قیامت واقع ہونے کی علامات بیان کی جا رہی ہیں ۔
قیامت کی تین علامتیں :
اس کی ایک علامت یہ ہے کہ اس دن ستاروں کو بے نور کر کے مٹا دیا جائے گا ۔قیامت کے دن ستاروں کی ایک اور حالت بیان کرتے ہوئے دوسرے مقام پر ارشاد فرمایا: ’’وَ اِذَا النُّجُوْمُ انْكَدَرَتْ‘‘(تکویر:۲)
ترجمۂ کنزُالعِرفان: اور جب تارے جھڑ پڑیں گے۔
اور ارشاد فرمایا: ’’وَ اِذَا الْكَوَاكِبُ انْتَثَرَتْ‘‘(انفطار:۲)
ترجمۂ کنزُالعِرفان: اور جب ستارے جھڑ پڑیں گے۔
دوسری علامت یہ ہے کہ اس دن آسمان اللّٰہ تعالیٰ کے خوف سے پھٹ جائیں گے اور ان میں سوراخ ہوجائیں گے۔قیامت کے دن آسمان پھٹنے کے بعد کی حالتیں بیان کرتے ہوئے ایک اور مقام پرارشاد فرمایا:
’’فَاِذَا انْشَقَّتِ السَّمَآءُ فَكَانَتْ وَرْدَةً كَالدِّهَانِ‘‘(رحمٰن:۳۷)
ترجمۂ کنزُالعِرفان: پھر جب آسمان پھٹ جائے گا تو گلاب کے پھول جیسا (سرخ) ہوجائے گا جیسے سرخ چمڑا۔
اور ارشاد فرمایا:
’’وَ انْشَقَّتِ السَّمَآءُ فَهِیَ یَوْمَىٕذٍ وَّاهِیَةٌ‘‘(حاقہ:۱۶)
ترجمۂ کنزُالعِرفان: اور آسمان پھٹ جائے گا تو اس دن وہ بہت کمزورہوگا۔
تیسری علامت یہ ہے کہ اس دن پہاڑ غبار بناکے اُڑا دئیے جا ئیں گے۔قیامت کے دن پہاڑوں کی اور حالتیں بیان کرتے ہوئے ایک مقام پر ارشاد فرمایا: ’’ وَ تَرَى الْجِبَالَ تَحْسَبُهَا جَامِدَةً وَّ هِیَ تَمُرُّ مَرَّ السَّحَابِ ‘‘(نمل:۸۸)
ترجمۂ کنزُالعِرفان: اور تو پہاڑوں کو دیکھے گا انہیں جمے ہوئے خیال کرے گا حالانکہ وہ بادل کے چلنے کی طرح چل رہے ہوں گے۔
اور ارشاد فرمایا: ’’وَ بُسَّتِ الْجِبَالُ بَسًّاۙ(۵) فَكَانَتْ هَبَآءً مُّنْۢبَثًّا ‘‘(واقعہ:۵،۶)
ترجمۂ کنزُالعِرفان: اور پہاڑ خوب چُورا چُورا کردیئے جائیں گے ۔تووہ ہوا میں بکھرے ہوئے غبار جیسے ہوجائیں گے۔
وَ اِذَا الرُّسُلُ اُقِّتَتْﭤ(11)لِاَیِّ یَوْمٍ اُجِّلَتْﭤ(12)لِیَوْمِ الْفَصْلِ(13)وَ مَاۤ اَدْرٰىكَ مَا یَوْمُ الْفَصْلِﭤ(14)وَیْلٌ یَّوْمَىٕذٍ لِّلْمُكَذِّبِیْنَ(15)
ترجمہ: کنزالعرفان
اور جب رسولوں کو ایک خاص وقت پر جمع کیا جائے گا ۔کس بڑے دن کے لیے انہیں ٹھہرایا گیا تھا۔فیصلہ کے دن کے لیے۔اور تجھے کیا معلوم کہ وہ فیصلے کا دن کیا ہے؟اس دن جھٹلانے والوں کیلئے خرابی ہے
تفسیر: صراط الجنان
{وَ اِذَا الرُّسُلُ اُقِّتَتْ: اور جب رسولوں کو ایک خاص وقت پر جمع کیا جائے گا۔} اس وقت کے بارے میں مفسرین نے مختلف اِحتمال بیان کئے ہیں ،
(1)…اس سے وہ وقت مراد ہو سکتا ہے جس میں رسول اپنی امتوں پر گواہی دینے کے لئے حاضر ہوں گے۔
(2)…اس سے وہ وقت مراد ہو سکتا ہے جس میں رسول ثواب پا کر کامیابی حاصل کرنے کے لئے جمع ہوں گے ۔
(3)…اس سے وہ وقت مراد ہو سکتا ہے جس میں رسولوں عَلَیْہِمُ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام سے پوچھا جائے گا کہ (جب انہوں نے تبلیغ کی تو ان کی امتوں کی طرف سے) انہیں کیا جواب دیا گیا اور امتوں سے پوچھا جائے گا کہ انہوں نے اپنے انبیاء ِکرام عَلَیْہِمُ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کو (ان کی دعوت کا) کیا جواب دیا۔جیسا کہ ایک اور مقام پر اللّٰہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے:
’’فَلَنَسْــٴَـلَنَّ الَّذِیْنَ اُرْسِلَ اِلَیْهِمْ وَ لَنَسْــٴَـلَنَّ الْمُرْسَلِیْنَ‘‘(اعراف:۶)
ترجمۂ کنزُالعِرفان: تو بیشک ہم ضرور ان لوگوں سے سوال کریں گے جن کی طرف (رسول) بھیجے گئے اور بیشک ہم ضرور رسولوں سے سوال کریں گے۔( تفسیر کبیر، المرسلات، تحت الآیۃ: ۱۱، ۱۰ / ۷۶۹)
{لِاَیِّ یَوْمٍ اُجِّلَتْ: کس بڑے دن کے لیے انہیں ٹھہرایا گیا تھا۔} اس آیت اور ا س کے بعد والی دو آیات کاخلاصہ یہ ہے کہ جھٹلانے والوں کو عذاب دینا، ایمان لانے والوں کی تعظیم کرنا اور ان چیزوں کو ظاہر کرنا جن پر ایمان لانے کی مخلوق کو دعوت دی جاتی تھی، جیسے قیامت کے ہَولناک دن کا قائم ہونا،اللّٰہ تعالیٰ کی بارگاہ میں حاضری ،اَعمال کا حساب ہونا،اعمال ناموں کا کھلنا اور میزان کا رکھا جانا وغیرہ،یہ تمام اُمور کس بڑے دن کے لئے مُؤخَّر کئے گئے تھے! اس دن کے لئے مؤخر کئے گئے تھے جس میں اللّٰہ تعالیٰ تمام مخلوق کے درمیان فیصلہ فرمائے گا اور تو کیا جانے کہ وہ فیصلے کا دن کیا ہے اور اس کی ہَولناکی اور شدّت کا کیا عالَم ہے۔( تفسیر کبیر، المرسلات، تحت الآیۃ: ۱۲-۱۴، ۱۰ / ۷۶۹-۷۷۰)
{وَیْلٌ یَّوْمَىٕذٍ لِّلْمُكَذِّبِیْنَ: اس دن جھٹلانے والوں کیلئے خرابی ہے۔} ارشاد فرمایا کہ قیامت کے اس ہَولناک دن میں ان لوگوں کے لئے خرابی ہے جو دنیا میں اللّٰہ تعالیٰ کی وحدانیَّت،انبیاء ِکرام عَلَیْہِمُ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کی نُبوّت ،مرنے کے بعد زندہ کئے جانے ،قیامت قائم ہونے اور اعمال کا حساب لئے جانے کے مُنکر تھے۔ یہ آیت لوگوں کو ایمان لانے کی مزید ترغیب دینے اور ایمان نہ لانے پر عذاب سے مزید ڈرانے کے لئے اس سورت میں 10بار ذکر کی گئی ہے۔( خازن، المرسلات، تحت الآیۃ: ۱۵، ۴ / ۳۴۴، صاوی، المرسلات، تحت الآیۃ: ۱۵، ۶ / ۲۲۹۳، ملتقطاً)
اَلَمْ نُهْلِكِ الْاَوَّلِیْنَﭤ(16)ثُمَّ نُتْبِعُهُمُ الْاٰخِرِیْنَ(17)كَذٰلِكَ نَفْعَلُ بِالْمُجْرِمِیْنَ(18)وَیْلٌ یَّوْمَىٕذٍ لِّلْمُكَذِّبِیْنَ(19)
ترجمہ: کنزالعرفان
کیا ہم نے پہلے لوگوں کو ہلاک نہ فرمایا۔پھربعد والوں کو ان کے پیچھے پہنچائیں گے۔مجرموں کے ساتھ ہم ایسا ہی کرتے ہیں ۔اس دن جھٹلانے والوں کیلئے خرابی ہے۔
تفسیر: صراط الجنان
{اَلَمْ نُهْلِكِ الْاَوَّلِیْنَ: کیا ہم نے پہلے لوگوں کو ہلاک نہ فرمایا۔} اس آیت اور اس کے بعد والی دو آیات میں کفارِ مکہ کو ڈراتے ہوئے ارشاد فرمایا کہ جب سابقہ اُمتوں جیسے حضرت نوح عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کی قوم ،قومِ عاد اور قومِ ثمود نےاپنے رسولوں کو جھٹلایا تو کیا ہم نے ان پر دنیا میں عذاب نازل کر کے انہیں ہلاک نہ فرمایا اور یاد رکھو کہ تم میں سے جو لوگ پہلی امتوں میں سے اپنے انبیاءِکرام عَلَیْہِمُ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کو جھٹلانے والوں کے راستے پر چل کر میرے حبیب محمد مُصْطَفیٰ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کو جھٹلا رہے ہیں ،ہم انہیں بھی سابقہ لوگوں کی طرح ہلاک فرما دیں گے اور مجرموں کے ساتھ ہم ایسا ہی کرتے ہیں کہ انہیں کفر کرنے اورا نبیاءِکرام عَلَیْہِمُ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کو جھٹلانے کی وجہ سے ہلاک فرما دیتے ہیں ۔( خازن، المرسلات، تحت الآیۃ: ۱۶-۱۸، ۴ / ۳۴۴، ابو سعود، المرسلات، تحت الآیۃ: ۱۶-۱۸، ۵ / ۸۰۷، ملتقطاً)
{وَیْلٌ یَّوْمَىٕذٍ لِّلْمُكَذِّبِیْنَ: اس دن جھٹلانے والوں کیلئے خرابی ہے۔} یعنی جب اللّٰہ تعالیٰ کی آیات اور اس کے انبیاءِ کرام عَلَیْہِمُ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کو جھٹلانے والوں پر دنیا میں عذاب آئے گا تو اس دن ان کے لئے خرابی ہے۔( روح البیان، المرسلات، تحت الآیۃ: ۱۹، ۱۰ / ۲۸۴)
اَلَمْ نَخْلُقْكُّمْ مِّنْ مَّآءٍ مَّهِیْنٍ(20)فَجَعَلْنٰهُ فِیْ قَرَارٍ مَّكِیْنٍ(21)اِلٰى قَدَرٍ مَّعْلُوْمٍ(22)فَقَدَرْنَا ﳓ فَنِعْمَ الْقٰدِرُوْنَ(23)وَیْلٌ یَّوْمَىٕذٍ لِّلْمُكَذِّبِیْنَ(24)
ترجمہ: کنزالعرفان
کیا ہم نے تمہیں ایک بے قدر پانی سے پیدا نہ فرمایا؟پھر اسے ایک محفوظ جگہ میں رکھا۔ایک معلوم اندازے تک۔تو ہم قادر ہیں تو ہم کیا ہی اچھے قدرت رکھنے والے ہیں ۔اس دن جھٹلانے والوں کے لئے خرابی ہے۔
تفسیر: صراط الجنان
{اَلَمْ نَخْلُقْكُّمْ مِّنْ مَّآءٍ مَّهِیْنٍ: کیا ہم نے تمہیں ایک بے قدر پانی سے پیدا نہ فرمایا؟} اس آیت اور ا س کے بعد والی تین آیات کا خلاصہ یہ ہے کہ اے لوگو!اللّٰہ تعالیٰ نے تمہیں ایک بے قدر پانی سے پیدا فرمایا اور وہ پانی نطفہ ہے، پھر اس پانی کو ایک محفوظ جگہ میں رکھا اور وہ جگہ ماں کا رحم ہے اور اس پانی کوماں کے رحم میں ایک معلوم اندازے تک رکھا اور وہ معلوم اندازہ ولادت کا وقت ہے جسے اللّٰہ تعالیٰ ہی جانتا ہے کہ وہ9مہینے ہے یا اس سے کم زیادہ تو اللّٰہ تعالیٰ نے اس پانی سے ماں کے رحم میں تمہاری تخلیق کے مراحل کا (حَتمی) اندازہ فرمایا اور وہ (حتمی) اندازہ فرمانے پر کیا ہی اچھا قادر ہے۔( خازن،المرسلات،تحت الآیۃ: ۲۰-۲۳، ۴ / ۳۴۴، روح البیان، المرسلات، تحت الآیۃ: ۲۰-۲۳، ۱۰ / ۲۸۵، جلالین مع جمل، المرسلات، تحت الآیۃ: ۲۰-۲۳، ۸ / ۲۰۵، ملتقطاً)
{وَیْلٌ یَّوْمَىٕذٍ لِّلْمُكَذِّبِیْنَ: اس دن جھٹلانے والوں کے لئے خرابی ہے۔} یعنی قیامت کے دن ان لوگوں کے لئے خرابی ہے جنہوں نے اپنے پہلی بار پیدا کئے جانے کو دیکھنے کے باوجود دوسری بار پیدا کئے جانے کا انکار کر دیا۔( تفسیر سمرقندی، المرسلات، تحت الآیۃ: ۲۴، ۴ / ۴۳۶)
اَلَمْ نَجْعَلِ الْاَرْضَ كِفَاتًا(25)اَحْیَآءً وَّ اَمْوَاتًا(26)وَّ جَعَلْنَا فِیْهَا رَوَاسِیَ شٰمِخٰتٍ وَّ اَسْقَیْنٰكُمْ مَّآءً فُرَاتًاﭤ(27)وَیْلٌ یَّوْمَىٕذٍ لِّلْمُكَذِّبِیْنَ(28)
ترجمہ: کنزالعرفان
کیا ہم نے زمین کو جمع کرنے والی نہ بنایا۔ زندوں اور مردوں کو۔اور ہم نے اس میں اونچے اونچے مضبوط پہاڑبنادیئے اور ہم نے خوب میٹھے پانی سے تمہیں سیراب کیا ۔اس دن جھٹلانے والوں کے لئے خرابی ہے۔
تفسیر: صراط الجنان
{اَلَمْ نَجْعَلِ الْاَرْضَ كِفَاتًا: کیا ہم نے زمین کو جمع کرنے والی نہ بنایا۔} اس آیت اور ا س کے بعد والی دو آیات کا خلاصہ یہ ہے کہ ہم نے زمین کو تمام زندہ اور مُردہ لوگوں کو جمع کرنے والی بنایا ہے کہ زندہ لوگ اس کی پُشت پر مکانات اور محلات میں رہتے ہیں اور مردہ لوگ اس کے اندر اپنی قبروں میں رہتے ہیں اور ہم نے زمین میں اونچے اونچے پہاڑ بنادیئے اور ہم نے زمین میں چشمے اور پانی نکلنے کے مقامات پیدا کرکے خوب میٹھے پانی سے تمہیں سیراب کیا اور یہ تمام باتیں مُردوں کو زندہ کرنے سے زیادہ عجیب ہیں لہٰذا جو ان چیزوں پر قادر ہے وہ دوبارہ زندہ کرنے پر بھی قادر ہے۔( خازن،المرسلات،تحت الآیۃ:۲۵-۲۷،۴ / ۳۴۴، روح البیان،المرسلات،تحت الآیۃ:۲۵-۲۷،۱۰ / ۲۸۵-۲۸۶،ملتقطاً)
{وَیْلٌ یَّوْمَىٕذٍ لِّلْمُكَذِّبِیْنَ: اس دن جھٹلانے والوں کے لئے خرابی ہے۔} یعنی قیامت کے دن ان لوگوں کی خرابی ہے جنہوں نے ان چیزوں کا مُشاہدہ کرنے کے باوجود اللّٰہ تعالیٰ کی وحدانیَّت اور مُردوں کے زندہ ہونے کا انکار کیا۔( تفسیر سمرقندی، المرسلات، تحت الآیۃ: ۲۸، ۴ / ۴۳۶)
اِنْطَلِقُوْۤا اِلٰى مَا كُنْتُمْ بِهٖ تُكَذِّبُوْنَ(29)اِنْطَلِقُوْۤا اِلٰى ظِلٍّ ذِیْ ثَلٰثِ شُعَبٍ(30)
ترجمہ: کنزالعرفان
اس کی طرف چلوجسے تم جھٹلاتے تھے۔اس دھوئیں کے سائے کی طرف چلوجس کی تین شاخیں ہیں ۔
تفسیر: صراط الجنان
{اِنْطَلِقُوْا: چلو۔} یعنی قیامت کے دن کافروں سے کہا جائے گا کہ اس آگ اور اس عذاب کی طرف چلو جسے تم دنیا میں جھٹلاتے تھے۔( مدارک، المرسلات، تحت الآیۃ: ۲۹، ص۱۳۱۱، خازن، المرسلات، تحت الآیۃ: ۲۹، ۴ / ۳۴۴، ملتقطاً)
{اِنْطَلِقُوْۤا اِلٰى ظِلٍّ ذِیْ ثَلٰثِ شُعَبٍ: اس دھوئیں کے سائے کی طرف چلوجس کی تین شاخیں ہیں ۔} اس آیت میں جس دھوئیں کا ذکر ہے اس سے جہنم کا دھواں مراد ہے،یہ دھواں اونچا ہو کر تین شاخوں میں تقسیم ہو جائے گا اورا س کی ایک شاخ کفّار کے سروں پر، ایک ان کے دائیں طرف اور ایک ان کے بائیں طرف ہو گی اور حساب سے فارغ ہونے تک انہیں اسی دھوئیں میں رہنے کا حکم ہوگا جب کہ اللّٰہ تعالیٰ کے پیارے بندے اس کے عرش کے سایہ میں ہوں گے۔( خازن، المرسلات، تحت الآیۃ: ۳۰، ۴ / ۳۴۴)
کفار کے بارے میں ایک اور مقام پر اللّٰہ تعالیٰ نے ارشاد فرمایا:
’’وَ اَصْحٰبُ الشِّمَالِ ﳔ مَاۤ اَصْحٰبُ الشِّمَالِؕ(۴۱) فِیْ سَمُوْمٍ وَّ حَمِیْمٍۙ(۴۲) وَّ ظِلٍّ مِّنْ یَّحْمُوْمٍ‘‘(واقعہ:۴۱۔۴۳)
ترجمۂ کنزُالعِرفان: اور بائیں جانب والے کیا بائیںجانب والے ہیں ۔ شدید گرم ہوا اور کھولتے پانی میں ہوں گے۔ اور شدید سیاہ دھوئیں کے سائے میں ہوں گے۔
اور ایمان والے قیامت کے دن کہیں گے:
’’فَمَنَّ اللّٰهُ عَلَیْنَا وَ وَقٰىنَا عَذَابَ السَّمُوْمِ‘‘(الطور:۲۷)
ترجمۂ کنزُالعِرفان: تو اللّٰہ نے ہم پر احسان کیا اور ہمیں (جہنم کی) سخت گرم ہوا کے عذاب سے بچا لیا۔
لَّا ظَلِیْلٍ وَّ لَا یُغْنِیْ مِنَ اللَّهَبِﭤ(31)اِنَّهَا تَرْمِیْ بِشَرَرٍ كَالْقَصْرِ(32)كَاَنَّهٗ جِمٰلَتٌ صُفْرٌﭤ(33)وَیْلٌ یَّوْمَىٕذٍ لِّلْمُكَذِّبِیْنَ(34)
ترجمہ: کنزالعرفان
جو نہ سایہ دے اورنہ وہ شعلے سے بچائے۔بیشک دوزخ محل جیسی چنگاریاں پھینکتی ہے۔گویا وہ (چنگاریاں ) زرد رنگ کے اونٹ ہیں ۔اس دن جھٹلانے والوں کے لئے خرابی ہے۔
تفسیر: صراط الجنان
{لَا ظَلِیْلٍ: جو نہ سایہ دے۔} اس آیت اور اس کے بعد والی دو آیات کا خلاصہ یہ ہے کہ جہنم کا وہ دھواں ایسا ہے کہ نہ سایہ دے جس سے کفار اس دن کی گرمی سے کچھ امن پاسکیں اورنہ وہ کفار کو جہنم کی آگ کے شعلے سے بچائے گا۔بیشک دوزخ اونچے محل جیسی بڑی بڑی چنگاریاں پھینکتی ہے اور ان چنگاریوں کا رنگ ایسا ہے گویا کہ وہ زرد رنگ کے اونٹ ہیں ۔( مدارک، المرسلات، تحت الآیۃ: ۳۱-۳۳، ص۱۳۱۲)
{وَیْلٌ یَّوْمَىٕذٍ لِّلْمُكَذِّبِیْنَ: اس دن جھٹلانے والوں کے لئے خرابی ہے۔} یعنی قیامت کے دن ان لوگوں کے لئے خرابی ہے جو ا س دن کی ہَولناکیوں اور اس دن میں گُناہگاروں کے اَحوال کو جھٹلاتے ہیں ۔( روح البیان، المرسلات، تحت الآیۃ: ۳۴، ۱۰ / ۲۸۸)
هٰذَا یَوْمُ لَا یَنْطِقُوْنَ(35)وَ لَا یُؤْذَنُ لَهُمْ فَیَعْتَذِرُوْنَ(36)وَیْلٌ یَّوْمَىٕذٍ لِّلْمُكَذِّبِیْنَ(37)
ترجمہ: کنزالعرفان
یہ وہ دن ہے جس میں وہ بول نہ سکیں گے۔اور نہ انہیں اجازت ملے گی کہ معذرت کریں ۔اس دن جھٹلانے والوں کیلئے خرابی ہے۔
تفسیر: صراط الجنان
{هٰذَا یَوْمُ لَا یَنْطِقُوْنَ: یہ وہ دن ہے جس میں وہ بول نہ سکیں گے۔} یعنی قیامت کا دن وہ دن ہے جس میں کفار نہ بول سکیں گے اور نہ کوئی ایسی حجت پیش کرسکیں گے جو ان کے کام آئے ۔حضرت عبداللّٰہ بن عباس رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُمَا نے فرمایا کہ قیامت کے دن بہت سے مواقع ہوں گے جن میں سے بعض مواقع پر کفار کلام کریں گے اور بعض میں کچھ بول نہ سکیں گے۔( خازن، المرسلات، تحت الآیۃ: ۳۵، ۴ / ۳۴۵، مدارک، المرسلات، تحت الآیۃ: ۳۵، ص۱۳۱۲، ملتقطاً)
{وَ لَا یُؤْذَنُ لَهُمْ فَیَعْتَذِرُوْنَ: اور نہ انہیں اجازت ملے گی کہ معذرت کریں ۔} یعنی قیامت کے دن کفار کو معذرت کرنے کی اجازت نہیں ملے گی اور اس بات کا یہ مطلب نہیں کہ ان کے پاس کوئی عذر موجود ہو گا لیکن عذر بیان کرنے کی اجازت نہ ہوگی بلکہ درحقیقت اُن کے پاس کوئی عذر ہی نہ ہوگا کیونکہ دنیا میں حجتیں تمام کر دی گئیں اور آخرت کیلئے کسی عذر کی گنجائش باقی نہیں رکھی گئی ،البتہ انہیں یہ فاسد خیال آئے گا کہ کچھ حیلے بہانے بنائیں ،یہ حیلے پیش کرنے کی اجازت نہ ہوگی۔حضرت جنید رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ نے فرمایا کہ اس کے پاس عذر ہی کیا ہے جس نے نعمت دینے والے سے رُو گَردانی کی ،اس کی نعمتوں کو جھٹلایا اوراس کے احسانوں کی ناشکری کی۔( خازن، المرسلات، تحت الآیۃ: ۳۶، ۴ / ۳۴۵، تفسیر کبیر، المرسلات، تحت الآیۃ: ۳۶، ۱۰ / ۷۷۸، ملتقطاً)
{وَیْلٌ یَّوْمَىٕذٍ لِّلْمُكَذِّبِیْنَ: اس دن جھٹلانے والوں کیلئے خرابی ہے۔} یعنی قیامت کے دن ان لوگوں کے لئے خرابی ہے جنہوں نے اِن خبروں کو اور اپنے پاس آنے والی اُن حق باتوں کوجھٹلایا جو یقینی طور پر واقع ہوں گی۔( روح البیان، المرسلات، تحت الآیۃ: ۳۷، ۱۰ / ۲۸۹)
هٰذَا یَوْمُ الْفَصْلِۚ-جَمَعْنٰكُمْ وَ الْاَوَّلِیْنَ(38)فَاِنْ كَانَ لَكُمْ كَیْدٌ فَكِیْدُوْنِ(39)وَیْلٌ یَّوْمَىٕذٍ لِّلْمُكَذِّبِیْنَ(40)
ترجمہ: کنزالعرفان
یہ فیصلے کا دن ہے ہم نے تمہیں اور سب اگلوں کوجمع کردیا ۔اب اگر تمہارا کوئی داؤ ہو تو مجھ پر چلا لو۔ اس دن جھٹلانے والوں کیلئے خرابی ہے
تفسیر: صراط الجنان
{هٰذَا یَوْمُ الْفَصْلِ: یہ فیصلے کا دن ہے۔} اس آیت اور اس کے بعد والی آیت کا خلاصہ یہ ہے کہ یہ قیامت کا دن جنتیوں اور جہنمیوں کے درمیان فیصلے کا دن ہے اور اے میرے حبیب محمد مُصْطَفیٰ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کو جھٹلانے والو! ہم نے تمہیں اور ان لوگوں کو جمع کر دیا جو تم سے پہلے انبیاء ِکرام عَلَیْہِمُ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کو جھٹلاتے تھے ،تمہارا اوران کا سب کا حساب کیا جائے گا اور تمہیں اور انہیں سب کو عذاب دیا جائے گا،اب اگر عذاب سے بچنے کے لئے تمہارے پاس کوئی داؤ ہو تو مجھ پر چلا لو اور کسی طرح اپنے آپ کو عذاب سے بچا سکتے ہو تو بچا لو۔ یہ انتہا درجہ کی ڈانٹ ہے کیونکہ یہ بات تو وہ بھی یقینی طور پرجانتے ہوں گے کہ نہ آج کوئی داؤ چل سکتا ہے اور نہ کوئی حیلہ کام دے سکتا ہے۔( خازن، المرسلات، تحت الآیۃ: ۳۸-۳۹، ۴ / ۳۴۵، جلالین، المرسلات، تحت الآیۃ: ۳۸-۳۹، ص۴۸۶، ملتقطاً)
{وَیْلٌ یَّوْمَىٕذٍ لِّلْمُكَذِّبِیْنَ: اس دن جھٹلانے والوں کیلئے خرابی ہے۔} یعنی قیامت کے دن ان لوگوں کے لئے خرابی ہے جو اللّٰہ تعالیٰ کی قدرت، مرنے کے بعد اٹھا ئے جانے اور قیامت کے دن جمع کئے جانے کا انکار کریں ۔( تفسیر سمرقندی، المرسلات، تحت الآیۃ: ۴۰، ۴ / ۴۳۷)
اِنَّ الْمُتَّقِیْنَ فِیْ ظِلٰلٍ وَّ عُیُوْنٍ(41)وَّ فَوَاكِهَ مِمَّا یَشْتَهُوْنَﭤ(42)كُلُوْا وَ اشْرَبُوْا هَنِیْٓــٴًـۢا بِمَا كُنْتُمْ تَعْمَلُوْنَ(43)اِنَّا كَذٰلِكَ نَجْزِی الْمُحْسِنِیْنَ(44)وَیْلٌ یَّوْمَىٕذٍ لِّلْمُكَذِّبِیْنَ(45)
ترجمہ: کنزالعرفان
بیشک ڈر نے والے سایوں اور چشموں میں ہوں گے۔اور پھلوں میں سے جو وہ چاہیں گے۔اپنے اعمال کے بدلے میں مزے سے کھاؤ اور پیو ۔بیشک نیکی کرنے والوں کو ہم ایسا ہی بدلہ دیتے ہیں ۔اس دن جھٹلانے والوں کیلئے خرابی ہے
تفسیر: صراط الجنان
{اِنَّ الْمُتَّقِیْنَ: بیشک ڈر نے والے۔} قیامت کے دن کفار پر آنے والے مختلف عذابات اور اس دن ان کی ہونے والی رُسوائیاں بیان کرنے کے بعد اب اہلِ ایمان کو ملنے والی نعمتوں کو بیان کیا جا رہا ہے، چنانچہ اس آیت اور ا س کے بعد والی تین آیات کا خلاصہ یہ ہے کہ بے شک وہ لوگ جو دنیا میں اللّٰہ تعالیٰ کے عذاب سے ڈرتے تھے وہ آخرت میں جَنّتی درختوں کے سایوں اور جنت میں جاری چشموں میں ہوں گے اور جن پھلوں سے ان کا جی چاہے گا ان سے لذت اٹھائیں گے اور جنتیوں سے کہا جائے گا کہ اپنے ان نیک اعمال کے بدلے میں جو تم نے دنیا میں کئے تھے مزے سے ایسی لذیذ اورخالص چیزیں کھاؤ اور پیو جن میں ذرا سا بھی طبعی طور پر نقصان کا شائبہ نہیں ۔بیشک نیکی کرنے والوں کو ہم ایسا ہی بدلہ دیتے ہیں لہٰذا تم بھی نیکیاں کرو تاکہ ایسی جزا حاصل کر سکو۔( خازن، المرسلات، تحت الآیۃ: ۴۱-۴۴، ۴ / ۳۴۵، مدارک، المرسلات، تحت الآیۃ: ۴۱-۴۴، ص۱۳۱۲، ملتقطاً)
{وَ فَوَاكِهَ مِمَّا یَشْتَهُوْنَ: اور پھلوں میں سے جو وہ چاہیں گے۔} اس آیت سے ثابت ہوا کہ اہل ِجنت کو دُنْیَوی زندگی کے برخلاف ان کی مرضی کے مطابق جَنّتی نعمتیں ملیں گی جبکہ دنیا میں آدمی کو جو مُیَسَّر ہوتا ہے اسی پر اسے راضی ہونا پڑتا ہے۔( جلالین، المرسلات، تحت الآیۃ: ۴۲، ص۴۸۶)
{وَیْلٌ یَّوْمَىٕذٍ لِّلْمُكَذِّبِیْنَ: اس دن جھٹلانے والوں کیلئے خرابی ہے۔} قیامت کے دن مومن انتہائی عزت وکرامت کے ساتھ ہو گا جبکہ کافر انتہائی ذلت و رُسوائی کی حالت میں ہو گا ۔ جب وہ مومن کو انتہائی عزت و کرامت میں دیکھے گا تو اس کی حسرت بڑھ جائے گی اور ا س کے غم اور زیادہ ہو جائیں گے اور یہ بھی روحانی طور پر ایک عذاب ہے، اس لئے یہاں فرمایا گیا کہ اس دن جھٹلانے والوں کیلئے خرابی ہے۔( تفسیر کبیر، المرسلات، تحت الآیۃ: ۴۵، ۱۰ / ۷۷۹-۷۸۰)
كُلُوْا وَ تَمَتَّعُوْا قَلِیْلًا اِنَّكُمْ مُّجْرِمُوْنَ(46)وَیْلٌ یَّوْمَىٕذٍ لِّلْمُكَذِّبِیْنَ(47)
ترجمہ: کنزالعرفان
(اے کافرو!) تم (بھی دنیا میں ) کچھ دن کھالو اورفائدہ اٹھا لو ، بیشک تم مجرم ہو۔اس دن جھٹلانے والوں کیلئے خرابی ہے۔
تفسیر: صراط الجنان
{كُلُوْا: کھالو۔} اللّٰہ تعالیٰ نے سرزَنِش کرنے کے طور پر کفار کو مُخاطَب کر کے فرمایا کہ اے دنیا میں جھٹلانے والو! تم دنیا میں کچھ دن کھالو اور اپنی موت کے وقت تک فائدہ اٹھا لو ، بیشک تم مجرم اور کافرہو اور دائمی عذاب کے مُستحق ہو۔( مدارک، المرسلات، تحت الآیۃ: ۴۶، ص۱۳۱۲، خازن، المرسلات، تحت الآیۃ: ۴۶، ۴ / ۳۴۵، ملتقطاً)
{وَیْلٌ یَّوْمَىٕذٍ لِّلْمُكَذِّبِیْنَ: اس دن جھٹلانے والوں کیلئے خرابی ہے۔} یعنی قیامت کے دن جھٹلانے والوں کے لئے خرابی ہے کیونکہ انہوں نے عارضی چیزوں سے فائدہ اٹھا کر اپنی جانوں کو دائمی عذاب کے لئے پیش کر دیا۔( روح البیان، المرسلات، تحت الآیۃ: ۴۷، ۱۰ / ۲۹۰)
وَ اِذَا قِیْلَ لَهُمُ ارْكَعُوْا لَا یَرْكَعُوْنَ(48)وَیْلٌ یَّوْمَىٕذٍ لِّلْمُكَذِّبِیْنَ(49)فَبِاَیِّ حَدِیْثٍۭ بَعْدَهٗ یُؤْمِنُوْنَ(50)
ترجمہ: کنزالعرفان
اور جب ان سے کہا جائے کہ جھک جاؤ تو وہ نہیں جھکتے ۔اس دن جھٹلانے والوں کیلئے خرابی ہے۔پھر اس کے بعد وہ کون سی بات پر ایمان لائیں گے؟
تفسیر: صراط الجنان
{وَ اِذَا قِیْلَ لَهُمُ: اور جب ان سے کہا جائے۔} قیامت کے دن جب کفار کو سجدے کے لئے بلایا جائے گا اور وہ سجدہ نہ کر سکیں گے تو کہا جائے گا کہ جب دنیا میں ان سے کہا جاتا کہ (ایمان لا کر) محمد مُصْطَفیٰ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ اور ان کے صحابہ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُمْ کے ساتھ نماز پڑھو تو یہ نماز نہیں پڑھتے تھے۔اسی سبب سے آج یہ سجدہ کرنے سے محروم کر دئیے گئے ۔( خازن، المرسلات، تحت الآیۃ: ۴۸، ۴ / ۳۴۵)
{وَیْلٌ یَّوْمَىٕذٍ لِّلْمُكَذِّبِیْنَ: اس دن جھٹلانے والوں کیلئے خرابی ہے۔} یعنی قیامت کے دن ان لوگوں کے لئے خرابی ہے جنہوں نے دنیا میں رکوع اور سجدہ کرنے سے انکار کیا اور اسلام قبول کرنے کا شرف حاصل نہ کیا۔( روح البیان، المرسلات، تحت الآیۃ: ۴۹، ۱۰ / ۲۹۱)
{فَبِاَیِّ حَدِیْثٍۭ بَعْدَهٗ یُؤْمِنُوْنَ: پھر اس کے بعد وہ کون سی بات پر ایمان لائیں گے؟} یعنی قرآن شریف اللّٰہ تعالیٰ کی کتابوں میں سب سے آخری کتاب اور بہت ظاہر معجزہ ہے، جب یہ لوگ اس پر ایمان نہ لائے تو پھر ا س کے بعد وہ کس کتاب پر ایمان لائیں گے ۔( مدارک، المرسلات، تحت الآیۃ: ۵۰، ص۱۳۱۲)